بھٹکل 22/جولائی (ایس او نیوز) ہفتہ عشرہ سے بھٹکل میں جاری زور دار بارش کے نتیجے میں کئی علاقوں میں مکانوں کو نقصان پہنچا ہے، جس کا جائزہ لینے آج پیر کو قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے ایک وفد نے صدیق اسٹریٹ، نستار اور مخدوم کالونی وغیرہ علاقوں کا دورہ کیا اور تنظیم کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔
بھٹکل صدیق اسٹریٹ میں جناب برہان الدین سُنہری کے مکان کی دیوار سمیت چھت گرنے سے کافی نقصان پہنچا ہے، برہان الدین صاحب نے بتایا کہ رات کو ہوئی زوردار بارش کے دوران اچانک گھر کی ایک دیوار گرنے کے ساتھ چھت کا کافی حصہ بھی گرگیا جس سے گھر کا کچن ، ٹوائلٹ اورہال وغیرہ میں پانی آرہا ہے اور فرنیچر سمیت کافی سامان خراب ہوگیا ہے۔ تنظیم صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے برہان صاحب کو یقین دلایا کہ بھٹکل تحصیلدار اور دیگر حکام کو واقعے کی جانکاری دی جائے گی اور حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
وفد نے بعد میں مُنڈلی پنچایت حدود کے نستار میں واقع الفلاح مسجد کا دورہ کیا جہاں ایک ہفتہ قبل مسجد کی چھت اُڑ کر قریب کے ایک مکان کو چھوتے ہوئے دوسرے مکان اور الیکٹرک کھمبے کے درمیان لٹک گئی تھی۔ یہاں چھت اُڑجانے کے بعد مسجد کے اندر پانی رس رہا ہے، جبکہ چھت کا ایک حصہ قریب میں واقع جناب محمد سعید کے مکان پرگرنے سے گھر کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے اوردیوار کا ایک حصہ گرنے کی وجہ سے چھت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ نستار میں لوگوں نے بارش کے موقع پر مسجد کے صحن اور اطراف کے گھروں کے صحن میں بھاری مقدار میں پانی جمع ہونے کو لے کر پریشانیوں کا تذکرہ کیا ، اس تعلق سے تنظیم کی جانب سے مسئلہ کے حل کے تعلق سے ذمہ داران کی رہنمائی کی اور ہرممکن تعاون کا یقین دلایا گیا۔
وفد نے بعد میں مخدوم کالونی اور دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا اور بارش سے متاثرہ مکانات کا جائزہ لیتے ہوئے نقصانات کی جانکاری حاصل کی۔ تنظیم کی جانب سے متاثرہ مکان مالکوں سے کہا گیا ہے کہ تنظیم کی جانب سے سرکاری سطح پر تعاون فراہم کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
تنظیم وفد میں صدر عنایت اللہ شاہ بندری کے ساتھ جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی اور دیگر عہدیداران ایس ایم سید ہاشم (برنی)، جیلانی شاہ بندری، سٹی میڈیکل اقبال، محمد حُسین النگر، اشفاق کے ایم وغیرہ موجود تھے۔